احتساب عدالت کی جانب سے سابق وزیراعظم نوازشریف کی جائیداد کی نیلامی کا حکم جاری کردیا گیا.
احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس کیس میں سابق وزیر اعظم نوازشریف کی جائیداد کی نیلامی کا حکم دے دیاہے۔ نوازشریف کی جہاں بھی جائیداد ہے وہاں کی متعلقہ صوبائی حکومت نیلام کرسکے گی۔
تفصیلات کے مطابق آج احتساب عدالت میں توشہ خانہ ریفرنس میں نیب کی جانب سے نواز شریف کی جائیداد نیلامی سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے نوازشریف کی جائیداد نیلامی کیلئے دائرراولپنڈی کی درخواست منظور کرلی۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ نواز شریف کی جہاں بھی جائیدا ہے وہاں متعلقہ صوبائی حکومت نیلام کرسکے گی۔ چئیرمین ایس ای سی پی کونواز شریف کے شئیرز فروخت کرنے اور نواز شریف کےآٹھ بینک اکاونٹس میں رقوم قومی خزانے میں جمع کرانے کا حکم دیاہے۔
عدالت نے ایکسائزاینڈ ٹیکسیشن آفس لاہور اوراسلام آباد کو نواز شریف کی ملکیت میں تین گاڑیاں اور دو ٹریکٹر جبکہ ڈی سی لاہور اور ڈی سی شیخوپورہ کو نواز شریف کی اراضی فروخت کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ جہاں جس جائیداد پر اعتراض نہیں آیا وہ نیلام کی جا سکے گی، مری اور چھانگہ گلی کےگھر کی ضبطگی پرمریم نواز نے اعتراض کر رکھا ہے، عدالت نے ڈپٹی کمشنر لاہور اور شیخو پورہ سے جائیداد نیلامی کے حوالے 60 روز کے اندر اندر رپورٹ طلب کی ہے۔
واضح رہے نیب نے سابق وزیراعظم نوازشریف کی جائیدادیں فروخت کرنےکا فیصلہ کرتے ہوئے جائیدادیں فروخت کرنے کے لئے احتساب عدالت سے رجوع کیا تھا اور نیب نےسیکشن 88 سی آرپی سی کےتحت عدالت سےاجازت مانگی ہوئی تھی۔